فیس بُک کی انفلوئنسرز کو ماہانہ تین ہزار ڈالر دینے کی پیشکش
فیس بُک کی انفلوئنسرز کو ماہانہ تین ہزار ڈالر دینے کی پیشکش: اس سکیم سے کون فائدہ اٹھا سکتا ہے؟
-کانٹینٹ کریئیٹرز کو ماہانہ 15 ریلیز فیس بُک پر پوسٹ کرنی ہوں گی
فیس بُک اپنے ’کانٹینٹ فاسٹ ٹریک پروگرام‘ کے تحت بڑے انفلوئنسرز کو فیس بُک پر اپنا کانٹینٹ (مواد) پوسٹ کرنے کی عوض ماہانہ تین ہزار ڈالر کی پیشکش کر رہا ہے۔
فیس بُک، جس کے دنیا بھر میں صارفین کی تعداد اب تین ارب تین ارب سے زائد ہو چکی ہے، کا کہنا ہے کہ یہ سکیم اُن کانٹینٹ کریئیٹرز (تخلیق کاروں) کے لیے ہے جن کے دیگر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارمز جیسا کہ انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر ایک ملین (یعنی 10 لاکھ) سے زیادہ فالوورز ہیں۔
تاہم کم فالوروز رکھنے والے بھی اس سکیم کے تحت ماہانہ ایک ہزار ڈالر کما سکتے ہیں۔
فیس بک کی پیرنٹ کمپنی ’میٹا‘ کا کہنا ہے کہ انھوں نے سنہ 2025 میں مختلف مونیٹائزیشن پروگرامز کے ذریعے تخلیق کاروں کو تقریباً تین ارب ڈالر ادا کیے ہیں۔
کانٹینٹ کریئیٹر گروپ ’سائیڈمین‘ کے مینیجر جورڈن شوارٹزن برگَر کہتے ہیں کہ ’ایک کانٹینٹ کریئیٹر (تخلیق کار) کے طور پر آپ ہمیشہ اپنے ناظرین کی پسند کا خیال رکھتے ہیں اور اُن کے پیچھے چلتے ہیں، اس لیے (فیس بُک کی جانب سے ماہانہ تین ہزار ڈالر کی پیشکش) سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ مجھے فیس بُک اور میٹا دونوں پسند ہیں، لیکن اُن کی جانب سے اٹھایا گیا یہ اقدام صارفین کی تعداد بڑھانے کی ایک مایوس کُن کوشش محسوس ہوتا ہے۔
میٹا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اُن کا ’کریئیٹر فاسٹ ٹریک پروگرام‘ اُن کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے ہے جنھوں نے فیس بُک کو ابھی جوائن کیا ہے یا وہ اس پلیٹ فارم پر دوبارہ فعال ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ پروگرام فی الحال امریکہ اور کینیڈا میں دستیاب ہے اور اس کے تحت کانٹینٹ کریئیٹرز کو زیادہ سے زیادہ تین ماہ تک ادائیگی کی جائے گی۔
اس پروگرام کا حصہ بننے والے کانٹینٹ کریئیٹرز کو ثابت کرنا ہو گا کہ اُن کے ٹک ٹاک، یوٹیوب یا انسٹاگرام پر 10 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، اور کامیاب امیدواروں کو ہر ماہ فیس بُک پر 15 ریلز یا مختصر دورانیے کی ویڈیوز پوسٹ کرنا ہوں گی۔
