پی ایس ایل دو شہروں تک محدود
پی ایس ایل دو شہروں تک محدود، تماشائیوں کا داخلہ بند: ’بنا شائقین کے ایونٹ کا فائدہ نہیں، بہتر تھا اسے منسوخ کر دیا جاتا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا 11واں سیزن 26 مارچ سے شروع ہوگا، تاہم خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث اس بار میچز صرف دو شہروں میں ہوں گے اور شائقین میچز دیکھنے سٹیڈیم بھی نہیں آ سکیں گے جبکہ افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
اتوار کے روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے حوالے سے مشاورت جاری تھی، جس میں حکومت بھی شامل تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پتا نہیں کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کب تک چلتی ہے اور مشاورت کے دوران ہمیں پی ایس ایل کے دوران نقل و حمل کم رکھنے کو کہا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی اس جنگ کے باعث پیدا ہونے والی ایندھن کی کمی سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات متعارف کروائے ہیں، جس میں نقل و حمل میں کمی بھی شامل ہے۔
پی سی بی کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک ’انٹرنیشنل برانڈ‘ ہے جس میں اوورسیز پلئیرز بھی شامل ہیں اور اگر اسے ملتوی کیا جاتا تو آگے ’اس کے انعقاد کے لیے کوئی دوسری ونڈو دستیاب نہیں تھی۔‘
